ملک کو نقصان پہنچانے والا کہتا ہے علاج کیلیے باہر جانا ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چوری کر کے ملک کو نقصان پہنچانے والا کہتا ہے کہ مجھے علاج کے لیے بیرون ملک جانا ہے اور ان کا ایک ہی مقصد این آر او لینا، اگر انہیں این آر او دیا تو یہ قوم سے غداری ہوگی۔مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک تباہ ہوتا ہی تب ہے جب ملک کا سربراہ چوری کرتا ہے، عام آدمی کی چوری سے صرف انفرادی نقصان ہوتا ہے، ان کا ایک ہی مقصد این آر او لینا ہے، اگر انہیں این آر او دیا تو یہ قوم سے غداری ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ ان پر الزام پہلے سے لگے ہوئے ہیں اور کہتے ہیں انتقامی کارروائی ہو رہی ہے، اگر آپ لیڈر ہیں تو کرپشن کے الزامات پر جواب دیں، صفائی پیش کرنےکی بجائے چوری بچانے کے لیے پارلیمنٹ اور جمہوریت خطرے میں ہے کی بات کرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 10 سال میں ملک کا قرضہ 6 ہزار سے 30 ہزار ارب پہنچ گیا، حکومت کا کام اپنے لوگوں کی بہتری ہے، کرسی کو بچانے کی کوشش کرنے والا کبھی کامیاب نہیں ہوتا، تاریخ میں ہمیشہ ٹیم کو بچانے والے بڑے کپتان ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی علاقے پیچھے رہ گئے جن میں قبائلی علاقے بھی شامل ہیں، این ایف سی ایوارڈ میں صوبے اپنے حصے سے 3 فیصد قبائلی علاقوں کو دیں گے، کئی صوبے اپنا حصہ دینے پر گھبرا رہے ہیں تاہم این ایف سی ایوارڈ سے حصہ دلانے کیلیے تمام صوبوں کو راضی کر لیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تجارت کے لیے افغانستان کے ساتھ راستےکھولنےکے لیے اقدامات کریں گے، علاقے میں تھری جی اور فور جی سروسز کے لیے بھی اقدمات کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی لوگوں کو اکسانے کی سازش ہو رہی ہے، اگر پھر سے کوئی انتشار ہوگا تو پاکستان کو بہت بڑا نقصان ہوگا، اگر ہم قبائلیوں کی مدد کریں گے اس میں ہمارا ہی فائدہ ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا جتنا میں قبائلی علاقوں کو جانتا ہوں کوئی وزیر اعظم نہیں جانتا، قبائلی علاقوں میں مسئلے سمجھتا ہوں اور تاریخ بھی جانتا ہوں، یہاں روزگار نہیں اور پانی کا بھی مسئلہ ہے۔ مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد کی تقریب میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تبصرے بند ہیں.