دہشتگردوں کا اگلا نشانہ پارلیمنٹ ہاوٴس ہوگا،نبیل گبول

اسلام آباد: ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ انتخابات چیف الیکشن کمشنر نے نہیں، کسی اور نے کروائے ، کراچی میں روزانہ پندرہ لوگ مارے جاتے ہیں، لیکن وزیر داخلہ کراچی نہیں آتے۔ انہیں متنبہہ کرنا چاہتا ہوں کہ دہشتگردوں کا اگلا نشانہ پارلیمنٹ ہاوٴس ہوگا۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ حالیہ انتخابات چیف الیکشن کمشنر نے نہیں بلکہ کسی اور نے کروائے ہیں۔ بلوچستان کے حالات دیکھ کر لگتا ہے حکومت کا کام شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو وزارت اعلیٰ دے کر اچھا کام کیا، لیکن دہشتگردوں نے زیارت ریزیڈینسی تباہ کر دی۔ اس موقع پر وہ حکومتی ارکان سے نالاں بھی نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ میں اسمبلی میں بکواس کررہا ہوں، مگر وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ سمیت کوئی ایوان میں موجود نہیں ہے۔ نبیل گبول نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اجلاس میں موجود رہتے تھے مگر یہاں نہ وزیراعظم ہیں اور نہ ہی ان کے وزیر۔ نبیل گبول نے حکمراں جماعت سے یہ بھی سوال کیا کہ کیا وزیر خزانہ سپر ہیومن ہیں جو اجلاس میں نہیں آتے۔وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ وہ بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں کر سکتے۔کیونکہ وہاں معاملات کوئی اورچلاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے شہر قائد میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پربھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں روزانہ پندرہ لوگ مارے جا رہے ہیں، لیکن وزیرداخلہ وہاں نہیں آتے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو متنبہہ بھی کیا کہ دہشتگردوں کا اگلا نشانہ پارلیمنٹ ہاوٴس ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.