چین کے کیمیائی پلانٹ میں دھماکہ، 47 افراد ہلاک، 600سے زائد زخمی

 مشرقی چین میں کیمیکل پلانٹ میں بڑے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 47افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حکومت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ین چینگ کے صنعتی علاقے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 600 سے زائد افراد کو ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے ہیں لیکن بعدازاں 47 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق زخمی ہونے والے 600 سے زائد افراد میں سے کم از کم 90 کی حالت نازک ہے۔ یہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس سے زلزلے کا گمان ہوا اور اس نے قریبی عمارتوں کو ہلا کر رکھ دیا اور کئی کلو میٹر دور تک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔واقعے کے بعد سیکڑوں ریسکیو اہلکاروں کو طلب کر لیا گیا جنہوں نے موقع پر موجود 3 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ دھماکے کے بعد تین کیمیکل ٹینکس اور دیگر پانچ علاقوں میں آگ لگ گئی تھی جسے فائر فائٹرز نے رات بھر کی جدوجہد کے بعد بجھا دیا ہے۔ حکام حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں بڑی تعداد میں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ جس کیمیلکل پلانٹ میں دھماکا ہوا وہ تیان جیائی کیمیکل کی ہے جو 2007 میں قائم ہوئی تھی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ 4 کلومیٹر دور تک گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور دروازوں میں دراڑیں پڑگئیں ۔

تبصرے بند ہیں.