ڈرون حملے رکوانے کے لئے ہر طریقہ اختیار کیا جائے گا، مشیربرائے امورخارجہ

اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈرون حملوں پر امریکا کو اپنے دو ٹوک موقف سے آگاہ کردیا ہے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ہم ڈرون حملے رکوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ قومی اسمبلی میں ڈرون حملوں کے سلسلے میں توجہ دلاؤ نوٹس پر بیان دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ 2010 میں امریکا نے پاکستان میں 115، 2011 میں 62، 2012 میں 14 جبکہ رواں برس اب تک 13 ڈرون حملے کئے ہیں۔ ڈرون حملوں پر پاکستان کو شدید اعتراض ہے اور اس حوالے سے امریکا کو آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ڈرون حملے ملکی خود مختاری اور علاقائی امن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کی پالیسی امریکا کی ہے حکومت پاکستان انھیں روکنے کی حکمت عملی بنائے گی۔حکومت اشتعال میں آئے بغیر یہ معاملہ حل کرنا چاہتی ہے اگر معاملہ حل نہ ہوا تو وہ تمام ذرائع استعمال کئےجاسکتے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی بھر پور انداز میں واضح کردیا ہے کہ ڈرون حملوں سےپاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات پر منفی اثر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر عالمی قوتیں بھی امریکی ڈرون حملوں میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تحفظات رکھتی ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطح کا اجلاس جلد ہونے والا ہے، جس میں حکومت اپنا موقف بھر پور انداز میں پیش کرے گی اور انہیں امید ہے کہ مستقبل قریب میں ہم ڈرون حملے رکوانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.