بینکنگ کورٹ نے35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے میگا اسکینڈل کیس میں انورمجید اوربیٹے عبدالغنی کو 4 ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اومنی گروپ کے چیئرمین انور مجید کو ایمبولینس میں لایا گیا۔کراچی کی بینکنگ کورٹ میں 35 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ اومنی گروپ کے گرفتار سربراہ انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ انور مجید اور عبدالغنی مجید کی عدالت میں پیشی کے موقع پر ایف آئی اے نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ دونوں ملزمان کو ایمبولینس میں عدالت لایا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیس کی تفتیش افسر کہاں ہیں۔ اس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد میں مصروف ہیں۔ لہٰذا کیس کے دوسرے تفتیشی افسر پیش ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈپورا ہو چکا ہے اب ایف آئی اے کو ملزمان کی مزید حوالگی درکار نہیں ہے اور تحقیقات ابھی چل رہی ہے۔ عدالت نے ملزمان کو 4ستمبر تک جیلبھیجنے کا حکم دے دیا جبکہ ملزمان کے وکلاء نے استدعا کی کہ ان کے موکلین کو ہسپتال منتقل کیا جائے کیونکہ دونوں ملزمان کی طبیعت ناساز ہے۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا ہے اور ملزمان کے وکلاء اپنی تحریری درخواست عدالت میں جمع کروائیں کہ ملزمان کوجیل کی بجائے ہسپتال منتقل کیا جائے۔ عدالت درخواست پر دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.