علیحدہ صوبہ بنانے کا ناٹک رچانے والوں کا عام انتخابات میں صفایا ہو گیا، شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ علیحدہ صوبہ بنانے کا ناٹک رچانے والوں کا عام انتخابات میں صفایا ہو گیا اور جنوبی پنجاب میں عوامی خدمت کے سامنے بڑے بڑے برج الٹ گئے۔ شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جنوبی پنجاب میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی اورعوام نے محنت، خدمت، دیانت اور امانت کو کامیاب کرایا ہے، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں محنت، دیانت اور خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے، دھونس اور دھاندلی کاخاتمہ کیا جائے گا جبکہ پنجاب کو دنیا بھر مثالی صوبہ بنائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ 5 برس میں ریکارڈ عوامی خدمت کرکے مثال قائم کی جائے گی ، سب سے پہلے میں خود اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تھانہ اور پٹواری کلچر کو ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے جبکہ میرٹ اور شفافیت پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھیں گے، لینڈ ریکارڈ انفارمیشن مینجمنٹ کا پروگرام 2014 تک مکمل کر لیا جائے گا، اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی آئندہ برس بھی جاری رہے گی،بہترطرزحکمرانی کا نیا معیار مقرر کیا جائے گا ، پولیس کے نظام، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ آفس کے اخراجات میں 30 فیصد کمی کر رہا ہوں ، نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی برقرار رہے گی، بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی، ابتدائی طور پر4 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ، بڑے گھروں پر ٹیکس لگے گا ، اشرافیہ اور کم وسیلہ طبقات میں ٹکراؤ روکنے کے لئے امراء کو قربانی دینا ہوگی، بڑی بڑی سرکاری رہائش گاہوں کے حوالے سے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.