عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری

اسلام آباد: 

الیکشن اپیلیٹ ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے پر ریٹرننگ آفیسر کو  نوٹس جاری کرتے ہوئے مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیٹ ٹربیونل جسٹس محسن اخترکیانی نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

ٹریبونل کے روبرو عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے این اے 53 سے انتخابات لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن 19 جون کو جانچ پڑتال کے بعد عمران خان کے کاغذات نامزدگی کمزور بنیاد پر مسترد کردئیے گئے۔ ان کے موکل نے نہ حقائق چھپائےاور نہ ہی غلط بیانی کی، اگرکوئی غلطی ہوئی ہےتوریٹرننگ افسر اس کو دور کرے، استدعا ہے کہ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔ اپیلیٹ ٹریبیونل نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل تک مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تبصرے بند ہیں.