انتہاپسند عناصرکو شکست دیے بغیرامن قائم نہیں ہوسکتا، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کوئٹہ میں بروری روڈ پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بس اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے معصوم طالبات،ڈپٹی کمشنرکوئٹہ عبدالمنصورکاکڑاورایف سی اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے عناصر مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی حقدارنہیں۔کوئٹہ میں بربریت اوروحشیانہ فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انتہاپسند عناصرکو شکست دیے بغیرملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری قوم اور سیاسی قوتوں کو اکٹھا ہونا ہو گا ۔ وزیراعلیٰ نے زیارت میں قائداعظم ؒکی ریذیڈنسی تباہ کیے جانے کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک قومی سانحہ قراردیا ہے انھوں نے کہا کہ اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انھوں نے کراچی میں کٹی پہاڑی کے قریب دھماکوں کی بھی شدید مذمت کی اور دھماکوں میں پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود صوبہ پنجاب کا بجٹ عوام دوست ہوگا ۔وہ ماڈل ٹائون میں صوبائی بجٹ برائے 2013-14ء کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے لاہور میں بعض مقامات پر بارش کا پانی کھڑا ہونے کی اطلاعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو پانی کے فوری نکاس کے لیے ہدایات جاری کیں ۔ وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں طوفان اور بارش کے باعث چھتیں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہاربھی کیا۔

تبصرے بند ہیں.