تعلیم ہر بچے کا حق ہے اورمسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ حق دلا کررہے گی، شہبازشریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ حق دلاکر رہے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ماڈل ٹاؤن میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں پنجاب اسکول ریفارم روڈ میپ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز اسکول ایجوکیشن، لٹریسی، سرمائیکلز باربر کی ٹیم کے نمائندے فنٹن وہلین ، مس حناخان ، برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے مسٹرٹام اون ایڈمنس اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا حق ہے اورمسلم لیگ (ن) کی حکومت یہ حق دلائے گی،پنجاب میں 14اگست سے انرولمنٹ مہم شروع کی جائے گی جس کے تحت 5سے 9 سال تک کی عمر کے بچوں کا اسکول میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موثر میکنزم، مکمل عملدرآمد، عزم،لگن اور جذبے سے کام کرکے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں ، والدین کو بھی اپنے بچوں کو اسکول بھجوانے کے لئے ترغیب دینا ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انرولمنٹ مہم کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرکے آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پیش کیاجائے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اسکول روڈ میپ پر موثر عملدرآمد کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں، اسکول روڈ میپ کے اہداف کے حصول میں ناکام رہنے والے ای ڈی اوز ایجوکیشن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس دوران برطانوی ماہرین تعلیم سرمائیکل باربر کی ٹیم کے نمائندے تیمور خان نے اسکول ریفارم روڈ میپ اور انرولمنٹ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جو سال2015تک تعلیم کے حوالے سے میلنیم ڈویلپمنٹ گول کا ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،انرولمنٹ کے تحت پنجاب کے 10اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی

تبصرے بند ہیں.