سندھ بجٹ، تنخواہیں بڑھانے پرغور، کراچی میں خواتین کیلیے 30 بسیں چلانے کا فیصلہ

کراچی: سندھ حکومت کا2013-14 کا بجٹ پیر 17جون کو سہ پہر3 بجے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سندھ اسمبلی میں پیش کریں گے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا تخمینہ 6کھرب 60 ارب روپے سے زائد کا لگایا گیا ہے، سرکاری افسران کی تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے پر غور کیا جا رہا ہے بجٹ میں امن و امان پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق امن وا مان کے لیے 45 سے 46 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز کے لیے ڈھائی ارب روپے اس کے علاوہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کے لیے گذشتہ مالی سال کی نسبت 15 فیصد اضافے کے ساتھ ساڑھے 14ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ محکمہ صحت کے بجٹ میں 10 فیصد ، محکمہ آبپاشی کے بجٹ میں 10 فیصد تک اضافے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر محکمہ خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رواں مالی سال کی نسبت مجموعی طور پر 15 سے 18 فیصد اضافے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ سندھ حکومت نے نئے مالی سال میں کراچی ،حیدر آباد ،سکھر ،لاڑکانہ ،میرپور خاص اور خیرپور کے لیے اسپیشل ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کراچی ترقیاتی پیکج کی گرانٹ 2 ارب سے بڑھا کر 3 ارب روپے ، لیاری اور کراچی کے دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے ترقیاتی گرانٹ کو ڈیڑھ ارب روپے ، حیدر آباد ترقیاتی پیکج ڈیڑھ ارب جبکہ خیرپور ، سکھر ، لاڑکانہ اور میرپور خاص کو ایک ایک ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکج دینے پر غور کر رہی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.