کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر واقعات میں 8 افراد کوموت کی نیند سلا دیا گیا

کراچی: صوبائی حکومت کے دعوؤں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پھرتیوں اور گرفتاریوں کے باوجود شہر قائد میں انسانی لاشیں گرنے کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا اورآج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اہلکار سمیت 8 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا۔  سپرہائی وے پر ایک ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں 2 نوجوانوں رضوان اور اسحاق کو موت کی نیند سلا دیا گیا، ڈی ایس پی کورنگی قاسم غوری کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے، سائٹ کے علاقے ہارون آباد میں بھی ایک شخص نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بن گیا جس کی لاش قریبی اسپتال منتقل کردی گئی، گلشن معمار میں عباس گوٹھ کے قریب جھاڑیوں سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں دونوں کوسر پر گولیاں مارکر قتل کیا گیا، ایک مقتول کی شناخت عبداللہ کے نام سے ہوئی جس کا تعلق کوہاٹ سے بتایا جاتا ہے تاہم دوسری لاش کی شناخت نہیں ہوسکی، گلشن حدید اور نارتھ ناظم آباد کے علاقے پہاڑ گنج میں بھی نامعلوم ملزمان نےفائرنگ کر کے2 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔ دوسری جانب گرومندر کے قریب شہریوں نےموٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کرنے والے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کرپولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان نے 15 موٹرسائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے، اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد ، بھتہ خوروں، ٹارگٹ کلرز اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں سے 20 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے

تبصرے بند ہیں.