اسلام آباد ہائی کورٹ نے ذکا اشرف کو آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے روک دیا
اسلام آباد: ہائی کورٹ نے چیرمین پی سی بی ذکا اشرف کو کام سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے انہیں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت سے بھی روک دیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی ، سماعت کے دوران ذکا اشرف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف کسی بھی قسم کی کرپشن یا اقربا پروری ثابت نہیں ہوئی۔ آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس جون کے آخری ہفتے میں برطانیہ میں ہوگی اگر چیرمین کرکٹ بورڈ نے اس میں شرکت نہ کی تو پاکستان کی سبکی ہوگی،درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے ذکا اشرف کی شخصیت کو نہیں بلکہ چیرمین پی سی بی کے انتخاب کو چینلج کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیرمین ذکا اشرف کو کام سے روکے رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے انہیں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں شرکت سے بھی روک دیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی ہے کہ مقدمے کے فیصلے تک قائم مقام چیرمین کا تقرر کیا جائے جو آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شرکت اور بورڈ کے معاملات کو چلائے۔ واضح رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل رکن میجر ریٹائرڈ احمد ندیم سڈل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ چیرمین پی سی بی کے لئے انتخابات میں شفافیت نہیں اس لئے ان کا انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئےاس عہدے کے لئے دوبارہ انتخاب کرایا جائے، اسی طرح کی ایک درخواست سندھ ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے
تبصرے بند ہیں.