پاکستان کو جولائی تا مئی تجارت میں 18 ارب 69 کروڑ ڈالر کا خسارہ
کراچی: پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی11ماہ کے دوران 22 ارب32کروڑ 20لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 3.89 فیصد زیادہ ہیں۔ اس دوران درآمدات کی مالیت صرف 0.19 فیصد کے اضافے سے 41ارب1کروڑ10لاکھ ڈالر رہیں، درآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں تیزی سے اضافے کے باعث جولائی 2012 سے مئی 2013 کے دوران پاکستانی تجارت کا خسارہ 3.89فیصد کمی سے 18ارب 68 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک محدود رہا۔پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کے مطابق گزشتہ ماہ پاکستان نے 2ارب17کروڑ 50لاکھ ڈالر کی اشیا برآمد کیں جو مئی 2012 کی 2ارب15کروڑ 70لاکھ ڈالر کی برآمدات سے 0.83 فیصد زیادہ ہے تاہم مئی 2013میں درآمدات کی مالیت سال بہ سال 11.69 فیصد کے اضافے سے 4 ارب 34 کروڑ 60لاکھ ڈالر رہی جس کے نتیجے میں مئی کا تجارتی خسارہ 25.20 فیصد کے نمایاں اضافے سے 2ارب17کروڑ10لاکھ ڈالر پر جاپہنچا،اپریل 2013 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات 2.11فیصد، درآمدات 11.18 فیصداور تجارتی خسارہ 22.03 فیصد زائد رہا،اپریل میں برآمدات 2ارب 13کروڑ ڈالر، درآمدات 3ارب 90کروڑ90لاکھ ڈالر اورتجارتی خسارہ1ارب 77کروڑ 90لاکھ ڈالررہا۔
تبصرے بند ہیں.