کراچی اسٹاک مارکیٹ مندی سے نکل آئی، 58 پوائنٹس ریکور
کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو محدود پیمانے پر تیزی کا رحجان رہا جس سے 56.15 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں36 ارب91 کروڑ81 لاکھ 27 ہزار17 روپے کا اضافہ ہوا۔ مقامی کمپنیوں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر1کروڑ26 لاکھ14 ہزار992 روپے مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبارکے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی البتہ تیزی کی شرح جو ایک موقع پر146.57 پوائنٹس کے اضافے تک پہنچ گئی تھی میں کمی واقع ہوئی۔ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے 4 لاکھ18 ہزار935 ڈالر، بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے4 لاکھ 71 ہزار 928 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 1 کروڑ1 لاکھ37 ہزار220 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے 4 لاکھ 53 ہزار 42 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے11 لاکھ 33 ہزار 867 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے آئل اینڈ انرجی سیکٹر کی کمپنیوں میں بڑھتی ہوئی پرافٹ ٹیکنگ کے منفی اثرات زائل کردیے۔تیزی میں بینکنگ سیکٹر کی کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی پر مستحکم رہا نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس58.33 پوائنٹس کے اضافے سے 22209.07 اور کے ایس ای30 انڈیکس46.79 پوائنٹس کے اضافے سے17281.03 ہوگیا جبکہ کے ایم آئی30 انڈیکس 10.65 پوائنٹس کی کمی سے37578.41 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 3.15 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ83 لاکھ9 ہزار960 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار390 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں219 کے بھاؤ میں اضافہ، 147 کے داموں میں کمی اور24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
تبصرے بند ہیں.