لیاری پی پی کا قلعہ ہوگا لیکن مجرموں کی پشت پناہی نہ کی جائے، سبزواری
کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ ہوگا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ مجرموں کی پشت پناہی کرکے کراچی کی معیشت کو تباہ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی موجودگی میں کراچی کے لیے 650 میگاواٹ بجلی کم کی گئی لیکن انھوں نے اعتراض نہیں کیا۔منگل کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ لیاری میں لاکھوں لوگ محصور ہیں ۔ وہاںراکٹوں اور ہینڈ گرینیڈ کا آزادانہ استعمال کیا جا رہا ہے ۔ مجرم کسی کے ساتھ نہیں ہوتا ،سیاسی وابستگی، زبان یا علاقے کی بنیاد پر مجرموں کے خلاف کارروائی نہ روکی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ امن و امان کی ذمے دار حکومت ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ اگر کالعدم تنظیم کے عشائیے میں جائیں گے تو قانون کا نفاذ کیسے ہوگا؟۔ ایک سوال کے جواب میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دیہی اور شہری کی تفریق ہم نے نہیں بنائی، یہ سوال کوٹہ سسٹم بنانے والوں سے پوچھا جائے۔ متحدہ اپوزیشن کیلیے فنکشنل لیگ کے امتیاز شیخ نے رابطہ کیا تھا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ مشترکہ اپوزیشن بنائیں اور عوامی ایشوز کو اسمبلی میں اٹھائیں ۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن سب کیلیے چیلنج ہے ایم کیو ایم ہر طرح کے تعاون کیلیے تیار ہے
تبصرے بند ہیں.