لیاری میں بلوچ اور کچھیوں کو تیسری قوت لڑارہی ہے ، ڈی آئی جی
کراچی: ڈی آئی جی پولیس ساؤتھ امیر شیخ نے کہا کہ لیاری میں بلوچ اور کچھیوں کو لڑایا جارہا ہے۔ ان کو لڑانے میں تیسری قوت شامل ہے،دوسرے علاقوں سے شرپسند عناصر آکر منظم منصوبہ بندی کے تحت لیاری کے امن کو تباہ کررہے ہیں،لیاری کے بارے میں پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، لیاری میں امن کے لیے ڈی سی او لیاری اور سیاسی قیادت پر مشتمل 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو بات چیت کے ذریعے لیاری میں امن قائم کرے گی۔ لیاری میں رینجرز اور پولیس نے کنٹرول سنبھال لیا ہے، شرپسند عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، اگر رینجرز یا پولیس پر شرپسند عناصر نے فائرنگ یا کوئی کارروائی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں 16 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، پستول، ایل ایم جی، کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔وہ اتوار کو پیپلز فٹبال اسٹیڈیم لیاری میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈی سی ساؤتھ مصطفی جمال قاضی ، 70ونگ کے کمانڈر کرنل حسن سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ لیاری میں جاری ہنگامہ آرائی میں گزشتہ 7 روز میں 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 41 افراد زخمی ہوئے جبکہ لیاری کی صورت حال این اے 250 کے الیکشن کے بعد سے زیادہ سنگین ہوگئی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کچھی بلوچوں پر الزام لگاتے ہیں اور بلوچ کچھیوں پر الزام لگاتے ہیں لیکن ہمارے آپریشن میں جو گرفتاریاں کی گئی ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچ اور کچھیوں کو لڑانے کے لیے تیسری قوت استعمال ہو رہی ہے ۔ حالیہ آپریشن کے دوران 16 افراد گرفتار ہوئے جن میں سے 4 افراد ایسے ہیں جن کا تعلق نہ کچھیوں سے ہے اور نہ بلوچوں سے ہے اور نہ ہی یہ لیاری کے رہائشی ہیں
تبصرے بند ہیں.