پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ بارش کے باعث روک دیا گیا

ہیملٹن: 

نیوزی لینڈ کی دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری تھی کہ بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

ہیملٹن کے سیڈن پارک اسٹیڈیم میں جاری میچ میں قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیویز ٹیم کی جانب سے جیت راول اور ٹام لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی ہی گیند پر راول نے محمد عامر کو چوکا لگایا جس کے بعد محمد عامر کی اگلی ہی گیند پر سمیع اسلم نے راول کا آسان کیچ چھوڑ دیا تاہم پہلے اوور کی آخری گیند پر ٹام لیتھم سلپ پر سمیع اسلم کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد سہیل خان نے 15ویں اوور کی آخری گیند پر نیوزی لینڈ کے ولیمسن کی وکٹ اپنے نام کی۔

قومی ٹیم میں مصباح الحق کی غیر موجودگی میں اظہر علی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ پچ کے باعث یاسر شاہ کی جگہ ٹیم میں عمران خان کو شامل کیا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم، بابراعظم، یونس خان، محمد رضوان، اسد شفیق، سرفراز احمد، وہاب ریاض، محمد عامر اور سہیل خان شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.