کراچی: سابق اسپیڈ مرچنٹ شعیب اختر نے فاسٹ بولرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں رنز روکنے کے بجائے وکٹیں لینے کی کوشش کریں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا مقابلہ اب جنوبی افریقہ اور بھارت سے ہے دونوں ہی مضبوط ٹیمیں ہیں، ان کے خلاف بولرز کو جارحانہ انداز اپنانا ہوگا، اس وقت پروٹیز اپنے پیس اٹیک کے فٹنس مسائل میں الجھے ہونے سے پریشان ہے، ہمارے بولرز کو اس چیز کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ شعیب اختر نے جنید خان کے حوالے سے کہا کہ وہ انگلش کنڈیشنز پر کافی موثر ثابت ہوسکتے ہیں مگر انھیں ان سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف محمد عرفان کی بولنگ بہتر رہی، اپنا مقام بنانے کیلیے انگلینڈ سب سے بہترین جگہ ہے میں نے خود ورلڈ کپ 1999 میں وہاں اچھی پرفارمنس دی جس کے بعد میں آگے بڑھتا چلا گیا۔انھوں نے مصباح الحق کو بھی مشورہ دیا کہ اگر فاسٹ بولرز بریک تھرو دلانے میں ناکام ہورہے ہوں تو وقت ضائع کرنے کے بجائے فوری طور پر گیند سعید اجمل اور محمد حفیظ کو تھما دیں۔ شعیب اختر نے ایک بار پھر کہا کہ انٹرنیشنل لیول پر کوچز کا کوئی کردار نہیں ہوتاکھلاڑی صرف اپنی محنت سے ہی آگے بڑھتے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.