کیویز نے مالنگا کا حملہ پسپا کردیا، 1وکٹ سے کامیاب
کارڈف: چیمپئنز ٹرافی میں کیویز نے مالنگا کے تابڑ توڑ حملوں کو پسپا کردیا، انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے میدان مارلیا، 139 رنز کا ہدف 9 وکٹ پر حاصل کیا۔ ناتھن میک کولم 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، لسیتھ مالنگا نے 4 اور شمندا ایرنگا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، اس سے پہلے سری لنکا کی پوری ٹیم 138 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کمار سنگاکارا 68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، مچل میکلینگن نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنزٹرافی میں نیوزی لینڈ نے دلچسپ مقابلے میں سری لنکا کو لو اسکورنگ میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے دی، فتح کیلیے 139رنز کے تعاقب میں کیویز کا بھی آغاز اچھا نہیں ہوا، چوتھے اوور کی چوتھی ہی گیند پر اوپنر لیوک رانچی 7 رنز پر شمندا ایرنگا کا شکار بن گئے۔ کیچ سنگاکارا نے تھاما، کین ولیمسن کو 16 رنز پر مالنگا نے ایل بی ڈبلیو کیا، روس ٹیلر کو کھاتہ کھولنا نصیب نہیں ہوا، رنگانا ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیوقرار پاکر پویلین واپس لوٹ گئے، 49 کے ٹوٹل پر گرنے والی چوتھی وکٹ مارٹن گپٹل کی تھی جنھوں نے ایرنگا کا شکار ثابت ہونے سے قبل 25 رنز بنائے، ان کا کیچ جے وردنے نے تھاما، جیمز فرینکلن (6) کو دلشان نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ 80 کے مجموعے پر دو برس سے زائد عرصے بعد پہلا ون ڈے کھیلنے والے ڈینیئل ویٹوری (5) مالنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، اس موقع پر کپتان برینڈن میک کولم نے اپنے بھائی ناتھن کے ساتھ مل کر اسکور کو 115 تک پہنچایا تاہم انھیں 18 رنز پر مالنگا نے بولڈ کردیا۔
تبصرے بند ہیں.