صوبوں کا سیلز ٹیکس اضافے سے متعلق اعتماد میں لینے کا مطالبہ
اسلام آباد: صوبوں نے وفاق کوآئندہ مالی سال 2013-14کے وفاقی بجٹ میں سیلز ٹیکس کی معیاری شرح 16فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کے حوالے سے اعتماد میں لینے اور ڈبل ٹیکسیشن ختم کرنے کیلیے اگلے بجٹ میں وفاق کی طرف سے سروسز پر عائد کردہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنیکا مطالبہ کردیا ہے۔ اس ضمن مین سندھ ریونیو بورڈ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے ایف بی آر کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے انکے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ایف بی آر اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سیلز ٹیکس کی معیاری شرح ایک فیصد اضافے کے ساتھ 17 فیصد کرنیکی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے لیکن ابھی تک ایف بی آر نے اس حوالے سے صوبوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی مشاورت نہیں کی ہے چونکہ سندھ اور پنجاب نے اپنے اپنے ریونیو کلیکشن کے ادارے قائم کررکھے ہیں اور سروسز پر سیلز ٹیکس وہ خود وصول کررہے ہیں اگر وفاق کی طرف سے صوبوں کو اعتماد میں لیے بغیر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھائی جاتی ہے تو اس سے ملک میں سیلز ٹیکس کی دو شرحیں رائج ہوجائیں گی جس سے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اس لیے اگر وفاق سیلز ٹیکس کی معیاری شرح بڑھانا چاہتا ہے تو اس کیلیے صوبوں بھی آن بورڈ لیا جائے اور ان سے مشاورت کی جائے تاکہ ملک بھر میں سیلز ٹیکس کی یکساں شرح کے نفاذ و یقینی بنایا جاسکے۔
تبصرے بند ہیں.