پی او اے کے متوازی دھڑوں میں پابندیوں کا مقابلہ شروع
لاہور: پی او اے کے متوازی دھڑوں میں ایک دوسرے پر پابندیاں لگانے کا مقابلہ شروع ہوگیا۔ عبوری کمیٹی نے لاہور میں جنرل(ر) عارف حسن کی زیر سربراہی گذشتہ روزمنعقدہ اجلاس میں شرکت کرنے والی اسپورٹس تنظیموں پر5 سالہ پابندی کا اعلان کردیا، دوسری طرف عارف حسن گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ28 جون سے اسلام آباد میں شیڈول قومی گیمز میں شامل ہونے والی ایسوسی ایشنز کی سرگرمیاں روکنے کا پروانہ جاری کر دیا جائے گا۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عبوری کمیٹی کی جنرل کونسل کا اسلام آباد جبکہ پی او اے عارف حسن گروپ کا لاہور میں اجلاس ہوا، آصف باجوہ کی زیر صدارت عبوری کمیٹی کی جنرل کونسل میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے کو عارف حسن کے طلب شدہ اجلاس میں شریک ہونے والی تمام فیڈریشنز پر 5 سال کی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ بعد ازاں باجوہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم سپریم کورٹ ہدایات کی روشنی میں اسپورٹس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے،غیر آئینی میٹنگ میں شرکت کرنے والی اسپورٹس فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کا پی او اے سے الحاق ختم کردیا جائے گا، اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر سرکاری اداروں کو اجلاس میں شرکت پر شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے جائیںگے، پی او اے کی عبوری کمیٹی اسپورٹس بورڈ فیڈریشنز کی ایک فہرست بھی فراہم کرے گی جنھیں گرانٹ اور این او سی جاری کیے جائیںگے، انھوں نے کہاکہ 32ویں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.