مصباح الحق کے کیچ کی غلط اپیل کرنے پر ویسٹ انڈین وکٹ کیپرپرفرد جرم عائد
لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے کیچ آؤٹ کی غلط اپیل پر ویسٹ انڈین وکٹ کیپر دنیش رام دین پر فرد جرم عائد کردی گئی، کیس کی سماعت پیر کو ہوگی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا میچ اوول کے میدان میں جاری تھا،اس میچ میں پاکستان کی 3 وکٹیں 17 رنز پر گر چکی تھیں، پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 10 گیندوں پر اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے تھے کہ کیمار روچ کے پانچویں اوور کی آخری گیند پر گیند ان کے بیٹ کو چھوتی وکٹ کیپر کے پاس پہنچی، ویسٹ انڈین وکٹ کیپر دنیش رام دین نے مصباح کا زمین پر گرا کیچ تھام کر آوٹ کی اپیل کی، اس پر امپائرز اسٹیو ڈیوس اور نائجل لانگ نے مصباح الحق کو میدان سے باہر جانے سے روک لیا یوں انہیں نئی زندگی مل گئی اوروہ میچ میں 96 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آئی سی سی نے لیول ٹو کے تحت رام دین پر جرم عائد کیا ہے اور پیر کو انہیں سماعت کے لئے بلایا گیا ہے،ویسٹ انڈین وکٹ کیپر رام دین نے اپنے اوپر لگایا گیا الزام مسترد کردیا ہے تاہم الزام ثابت ہونے پر ویسٹ انڈین وکٹ کیپر پر 100 فیصد میچ فیس کا جرمانہ، ایک یا 2 ون ڈے میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ اسی قسم کا واقعہ بنگلا دیش کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں پیش آیا تھا جب کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف پر آئی سی سی نے چار میچوں کی پابندی لگا دی تھی۔
تبصرے بند ہیں.