ڈاکٹر مالک بلوچ بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب، باضابطہ اعلان کل ہوگا
کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بلوچستان کے بلامقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں جس کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی لینے اور داخل کرانے کے لئے صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کا وقت مقرر تھا تاہم اس دوران 3 جماعتی اتحاد کے نامزد امیدوار ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے سوا کسی بھی رکن بلوچستان اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے،جس کے نتیجے میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبے کے بلامقابلہ وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں تاہم ان کے انتخاب کا باضابطہ اعلان کل اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر عبدالمالک کو مسلم لیگ (ن)، نیشنل پارٹی اور پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا ہے تاہم جے یو آئی (ف) کی جانب سے بھی ان کی حمایت کا اعلان کردیا گیا ہے اس سے قبل اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی دیگر جماعتوں نے بھی انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرادی تھی۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے کاغذات نامزدگی کی توثیق کے بعد ڈاکٹر مالک بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بلوچستان کے عوام کی خدمت کا موقعہ مل رہا ہے، امن و امان کی بہتری کے لیے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ(ن)کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ اپنے بچوں کو بندوق کی جگہ قلم دوات دے سکیں۔
تبصرے بند ہیں.