چیمپئنز ٹرافی میں بے خوف ہوکر کھیلیں، پاکستانی قائد کی پلیئرز کو ہدایت

لندن: پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں بے خوف ہو کر کھیلنے کی تلقین کردی۔ ان کے مطابق حریف چاہے جو بھی ہو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں، انھوں نے شائقین سے درخواست کی کہ وہ صرف نتائج کو نہ دیکھیں بلکہ اچھے کھیل پر سپورٹ کریں، ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کا مقصد ایونٹ میں فتح ہے۔ ان کے مطابق ہر حریف کو ذہن میں رکھ کر کمبی نیشن تشکیل دے دیا، پاور پلے اور اختتامی اوورز میں ٹیم کی بولنگ بہتر ہو گئی جبکہ فیلڈنگ میں بھی مثبت فرق دکھائی دینے لگا، بیٹنگ کے حوالے سے بھی کوئی خاص تشویش نہیں ہے۔ جنوبی افریقہ کو وارم اپ میچ میں شکست دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ہم صرف ایک سوچ ذہن میں لیے انگلینڈ آئے کہ اپنی بہترین کوشش کرنی ہے، میں اپنے ہر کھلاڑی سے بھی ایسا ہی چاہتا ہوں، نتائج آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتے ون ڈے کرکٹ یا کسی اور کھیل میں بھی صرف اپنی کارکردگی پر پلیئر کا اختیار ہوتا ہے، ہم بھی چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کھیل کیلیے اپنی بہترین کوشش کریں گے، میں نے پلیئرز سے کہہ دیا کہ بے خوف ہو کر گراؤنڈ میں جائیں اور اچھا کھیل پیش کریں۔ ہم ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مکمل اظہار کریں گے، شائقین بھی صرف نتائج کو نہ دیکھیں بلکہ اچھے کھیل پر ہمیں سپورٹ کریں، میں انھیں یقین دلاتا ہوں کہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کی کوشش پاکستان کیلیے اچھا پرفارم کر کے چیمپئنز ٹرافی میں فتح ہے۔ کپتان نے کہا کہ ہمارے ذہن میں یہ بات بالکل واضح ہے کہ کس حریف کیخلاف کسے میدان میں اتاریں گے، ہم نے بیٹنگ اور بولنگ اٹیک کو حتمی شکل دے دی ، وارم اپ میچز میں کھلا کر پلیئرز کو اعتماد فراہم کیا گیا تاکہ جب کبھی انھیں آزمانا چاہیں وہ مکمل تیار ہوں۔

تبصرے بند ہیں.