شری شانتھ پر انڈر ورلڈ کی معاونت کا الزام بھی عائد

نئی دہلی: فکسنگ کیس میں گرفتار شری شانتھ پر انڈر ورلڈ کی معاونت کا الزام بھی عائد ہوگیا۔ پولیس نے تمام 26 ملزمان کے خلاف انسداد منظم جرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کا فیصلہ کرلیا، فاسٹ بولر کی درخواست ضمانت بھی مسترد ہوگئی۔ دوسری جانب سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن اور اداکار وندو دارا سنگھ کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کی ایک عدالت نے فکسنگ کیس میں گرفتار فاسٹ بولر شری شانتھ سمیت 22 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 18 جون تک توسیع کردی، پیسر کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی، دہلی پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ فاسٹ بولر سمیت تمام 26 ملزمان پر انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم اور چھوٹا شکیل کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔اس لیے ان پر مہاراشٹرا انسداد منظم جرائم ایکٹ کیخلاف کیس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ایکٹ سے پولیس کو اس کیس میں ملوث دیگرلوگوں سے تفتیش کا اختیار حاصل ہوگا، ان 26 ملزمان میں سے اس وقت انکیت چھاون اور شری شانتھ کے دوست ابھیشیک شکلا ضمانت پر رہا ہیں،ایک اور معاون ملزم ایشوانی اگروال کو ممبئی بھیج دیا گیا،وہاں کی ایک عدالت نے ان کا وارنٹ جاری کیا تھا، اب مجسٹریٹ کورٹ کے بجائے نئے ایکٹ کے تحت درخواست ضمانت کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج کرے گا۔ ان افراد میں شری شانتھ، اجیت چنڈیلا، سابق آئی پی ایل پلیئر امیت کمار سنگھ اور سابق رنجی پلیئرز منوج گدیوار اور بابو راؤ یادیو بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.