دوسری اننگز میں لغزش پاکستانی ٹیم کو ڈبو سکتی ہے، حنیف محمد

راچی:  سابق ٹیسٹ کپتان اور اپنے دور کے عظیم بیٹسمین حنیف محمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف مردہ وکٹ پر ٹیسٹ میچ نتیجہ خیز ہونے کا کوئی امکان نہیں، تاہم دوسری اننگز میں بیٹنگ لائن کے دھوکا دینے سے حریف ٹیم کے حاوی ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

ابو ظبی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نمائندہ’ ایکسپریس‘ سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف محمد نے کہا کہ یہ میچ تاریخی حیثیت اختیار کرتا جارہا ہے، بے جان وکٹ پر 3 دن میں مجموعی طور پر813 رنز بن چکے، وہاب ریاض نے اچھی گیندیں کرائیں لیکن سارا قصور وکٹ ہی کا رہا، میچ کے فیصلہ ہونے کا کوئی امکان نہیں،168رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے انگلش کپتان الیسٹر کک بھی ڈبل سنچری کی جانب گامزن نظر آرہے ہیں۔

وہ7 وکٹیں محفوظ ہونے کے سبب پاکستان کی 233رنز کی لیڈ کو ختم کرنے کی تگ و دو میں تیز کھیلنے کی بھی کوشش کر سکتے ہیں ،پاکستان کو چوتھے دن ابتدا میں وکٹ ملی تو اس کی خوش قسمتی رہے گی، بیٹنگ کیلیے انتہائی موزوں وکٹ پر پاکستان کے خلاف لیڈ حاصل کرنے کیلیے کوشاں انگلینڈ کی ٹیم زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزارے گی، پاکستان کو اپنی دوسری باری میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اگر حسب معمول قومی ٹیم دوسری اننگز میں ناکام رہی تو انگلینڈ کو ایڈوانٹیج مل سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.