دہشت گردوں کیخلاف سخت ترین آپریشن جاری رکھا جائے، صدر زرداری

کراچی: صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ ملک کو درپیش چیلنجزسے نکالنے کیلیے تمام جماعتوں کو متحدہوکر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کوایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنایا جاسکے۔ حکومت نے عام انتخابات کراکے عوام سے کیاگیاوعدہ پورا کردیااورانتقال اقتدار کا مرحلہ بھی آئین کے مطابق خوش اسلوبی سے مکمل کرلیاجائیگا،کراچی میں قیام امن سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اوردہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق سخت ترین ٹارگٹڈآپریشن جاری رکھاجائے ۔وہ صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اورصوبائی وزراسے ملاقات میں گفتگوکررہے تھے۔ملاقات میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی ، ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا ، صوبائی وزرانثار احمدکھوڑو ، ڈاکٹر سکندر میندھرو، شرجیل انعام میمن،مخدوم جمیل الزماں،علی نوازمہر،منظور وسان اورمشیر مراد علی شاہ موجودتھے۔صدر نے قائم علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر مبارکباددی۔صدر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے،قیام امن،معیشت کی مضبوطی، توانائی بحران سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلیے متحدہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے،تمام سیاسی قوتیں ملک کودرپیش چیلنجز کے حل کیلیے متحدہوجائیں تاکہ ملک کومضبوط اورمستحکم بنایا جاسکے۔صدر نے کہا کہ کراچی ملک کامعاشی اورصنعتی حب ہے،کراچی کے امن سے ملک کی ترقی وابستہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.