عمران خان کل قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں علالت کے باعث شریک نہیں ہوں گے
اسلام آ باد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل صبح ہونے والے قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں اپنی علالت کے باعث شریک نہیں ہوپائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے تصدیق کی کہ عمران خان کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں غیر حاضر رہیں گے، پی ٹی آئی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق عمران خان کا سفر کرنا ان کی کمر کی چوٹ میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے لہذاٰ عمران خان کل اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ عمران خان 11 مئی کے انتخابات سے چند روز قبل اسٹیج پر جانے والے لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے تھے، گرنے سے ان کی گردن اور کمر میں شدید چوٹیں آئی تھیں اور وہ کئی روز تک شوکت خانم اسپتال میں زیر علاج رہے۔ عمران خان نے انتخابات میں این اے ون پشاور، این اے 56 راولپنڈی اور این اے 71 میانوالی سے کامیابی حاصل کی تھی۔
تبصرے بند ہیں.