ڈومیسٹک کرکٹ نئے فارمیٹ کے تحت ہی ہوگی، چیئر مین بورڈ کا دوٹوک اعلان

کراچی: چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے واضح کردیاکہ ڈومیسٹک کرکٹ نئے فارمیٹ کے تحت ہی کھیلی جائے گی، تبدیلیوں کا فیصلہ مشاورت سے کیا گیا تھا، ان کے مطابق کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے میٹنگ میں مسئلے کا کوئی حل نہیں نکل سکا، ایسا لگتا ہے کہ شہرقائد کی ٹیم بورڈ کو ہی منتخب کرنا پڑے گی، انھیں اگر 2 ٹیمیں کھلانی ہیں تو کوالیفائی کریںٕ۔

دوسری جانب ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ ڈیڈلاک برقرار ہے، ہم نے پی سی بی پر واضح کر دیا کہ2ٹیموں کو شرکت کی اجازت ملنے تک ہم کسی ایونٹ کیلیے پلیئرز کا انتخاب نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ نے اس سال بھی ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے، نئے فارمیٹ کے تحت فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں اب 16 ٹیمیں حصہ لیں گی،گولڈ اور سلور لیگ کی ابتدائی 6،6 سائیڈز تو پہلے ہی شامل ہوگئیں، دیگر 4کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوگا۔

جس سے 2ڈپارٹمنٹس اور اتنی ہی ریجنز کی ٹیمیں آگے آئیں گی، اس سے خدشہ ہے کہ کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں کی صرف ایک، ایک ٹیم ہی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی۔

کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس پر آواز اٹھاتے ہوئے بورڈ سے احتجاج کیا اور قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کیلیے پلیئرز کی فہرست ارسال نہیں کی،اس تنازع کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اس کے وفد کو ملاقات کیلیے مدعو کیا، اس میٹنگ کے حوالے سے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے استفسار پر شہریارخان نے کہا کہ ہم نے کوشش کی کہ معاملے کو حل کیا جائے مگر ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا جا سکا، میٹنگز کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہمیں امید ہے کہ جلد مسئلہ حل ہو جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.