پنجاب میں 4 دن کیلیے سی این جی اسٹیشن کھولنے کا اعلان

اسلام آباد: وزارت پٹرولیم اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد سی این جی ایسوسی ایشن نے پنجاب میں چار دن سی این جی اسٹیشن کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چئیرمین غیاث پراچہ نے پنجاب بھر میں شیڈول کے مطابق 4 دن کے لیے سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، حکومت اور گیس کمپنی کے مابین معاملات کی وجہ سے سی این جی اسٹیشنز 11 دنوں سے بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے سی این جی سیکٹر اور عوام بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اب جبکہ زمزمہ اور قادر پور گیس فیلڈز پوری طرح بحال ہو چکی ہیں، گیس کی کوئی کمی نہیں اور مکمل پریشر دستیاب ہے اور وزیر نے بھی کہہ دیا ہے کہ انہوں نے سی این جی بندش کاحکم جاری نہیں کیا، تو ہم نے پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز شیڈول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہےغیاث پراچہ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے وفود نے لاہور میں سوئی ناردرن گیس کے ایم ڈی اور اسلام آباد میں نگران وزیر پٹرولیم اور سیکریٹری سے ملاقاتیں کیں، دونوں طرف سے ہمیں گیس بندش کے حکم نامے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا گیا حتیٰ کہ وزارت نے تو حکم نامہ جاری کرنے سے لاعلمی کا اظہار کیا، اس لیے ہم نے شیڈول کے مطابق لاہور، ملتان، شیخو پورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ ریجنز میں سی این جی اسٹیشنز کھول دیے ہیں۔ غیاث پراچہ نے مطالبہ کیا کہ قلت نہ ہونے کے باوجود لاکھوں صارفین کو سی این جی سے محروم رکھنے کی سازش کے کردار بے نقاب کیے جائیں اور نقصان کو پورا کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.