اقتصادی سروے 13، بجٹ 14 جون کو پیش کیے جانے کا امکان

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی طرف سے آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 14 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے سال 2013-14 کے بجٹ مسودے کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے جس کیلیے گزشتہ روز وزارت خزانہ اور ایف بی آر میں اعلی سطح کے اجلاس منعقد ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر میں ہونیوالے اجلاس میں فنانس بل 2013-14 کے مسودے کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ایف بی آر کے ممبر لیگل عاقل عثمان نے کی جس میں سینئر افسران نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے فنانس بل کے مسودے کو حتمی شکل دے کر توثیق کیلیے لا ڈویژن کو بھجوایا جائیگا اور لا ڈویژن سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ میں ہونیوالے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے اقتصادی اہداف کے تعین کے بارے میں مسودے کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی سروے 13 جون کو پیش کیے جانے کی توقع ہے جبکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ 14 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.