آغا سراج درانی سندھ اسمبلی کے 15ویں اسپیکر منتخب

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے آغا سراج درانی سندھ اسمبلی کے 15ویں اسپہیکر منتخب ہوگئے سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں دو گھنٹوں کی تاخیر سے شروع ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اسپیکر نے باضابطہ طور پر پہلے اسپیکر اور بعد میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کیا۔ اسپیکر کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے آغا سراج درانی، متحدہ قومی موومنٹ کے خواجہ اظہار الحسن اور مسلم لیگ (ن) کے عرفان اللہ مروت کے درمیان مقابلہ ہواجبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کی شہلا رضا، متحدہ قومی موومنٹ کی ہیر سوہو اور مسلم لیگ فنکشنل کی نصرت سحر عباسی مد مقابل ہیں۔ پولنگ سے قبل آغا سراج درانی نے شرجیل میمن، خواجہ اظہار الحسن نے معین عامر پیرزادہ جبکہ عرفان اللہ مروت نے ہمایوں خان کو پولنگ ایجنٹ مقرر کیا ۔ پولنگ کے بعد نثار احمد کھوڑو نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق 155 ارکان نے خفیہ رائے شماری میں حصہ لیا اورآغا سراج درانی 87 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ خواجہ اظہار الحسن نے 48 اور عرفان اللہ مروت نے 18 ووٹ حاصل کئے،2 ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ نتائج کے اعلان کے بعد نثار احمد کھوڑو نے نومنتخب اسپیکر سے حلف لیا اور انہیں نئی ذمہ داریاں سونپیں، اسپیکر کا منصب سنبھالنے کے بعد آغا سراج درانی نے کہا کہ وہ انہیں منتخب کرنے والے ارکان اسمبلی اور اس جمہوری عمل میں حصہ لینے والوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نثار احمد کھوڑو کو مبارکباد دیتے ہیں کہ انہوں نے گزشتہ 5 سال ایوان کو غیر جانبدارانہ طریقے سے چلایا اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ بھی متوازن طریقے سے ایوان کو چلائیں کیونکہ اس معزز نشست پر ان کے تایا اور بعد میں والد بھی براجمان ہوچکے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.