لاہورمیں خسرہ سے متاثرہ مزید 2 بچیاں دم توڑ گئیں، تعداد 80 ہوگئی

لاہور: شہر میں خسرہ سے متاثرہ مزید 2 بچیاں دم توڑ گئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 80 جب کہ صوبے بھر میں 127 ہو گئی۔ لاہور سمیت پنجاب بھر کے مختلف اسپتالوں میں خسرے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ لاہور کے گنگا رام اسپتال میں ڈیڑھ سالہ انعم اور میو اسپتال میں ڈیڑھ سالہ سائرہ نے دم توڑ دیا جس کے بعد لاہور میں خسرہ سے ہلاکتوں کی تعداد 80 جبکہ پنجاب میں 127 ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے مختلف اسپتالوں میں 150 نئے مریض لائے گئے جن میں سے 90 مریض لاہور کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، پنجاب بھر میں ساڑھے 14 ہزار سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہوئے جن میں سے زیادہ تر مریضوں کو خسرے کی ویکسین لگانے کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ محکمہ صحت کے مطابق خسرے سے بچاؤ کے لئے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن دوسری جانب ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں خسرے کی ویکسین ہی موجود نہیں، جو ویکسین ان کے پاس ہے اس کا اثر زائل کا ہو چکا ہے اسی وجہ سے ہلاکتیں تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔

تبصرے بند ہیں.