کیوی کپتان نے انگلینڈ کو ایشز کیلیے فیورٹ قرار دیدیا

لیڈز / برطانیہ: کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے انگلینڈ کو ایشزکے دفاع کیلیے فیورٹ قرار دے دیا ہے۔ میزبان ٹیم نے منگل کو ہیڈنگلے ٹیسٹ میں مہمان کیخلاف247 رنز کی فتح سے سیریز2-0 سے اپنے نام کی، جولائی میں ایشز کے آغاز سے قبل یہ انگلینڈ کا آخری ٹیسٹ تھا، گذشتہ ایشز سیریز میں آسٹریلوی بیٹسمینوں کو سوئنگ بولنگ کیخلاف دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، میک کولم نے کہا کہ انگلش پیسرزکے پاس ڈیوک بال کو سوئنگ کرنے کی بہترین صلاحیت موجود ہے، ہوم گراؤنڈ پر ہر ٹیم کو گردوپیش کے ماحول سے بھی بہت مدد ملتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیریز میں ہماری ٹیم کیلیے اہم مرحلہ لارڈز پر پہلے ٹیسٹ کا چوتھا دن تھا، جب پیسر اسٹورٹ براڈ نے کیریئربیسٹ 44 پر7 وکٹیں لے کر ٹیم کو68 رنز پر ٹھکانے لگا دیا تھا ، دوسرے ٹیسٹ میں آف اسپنر گریم سوان نے میچ میں10 وکٹوں سے نیوزی لینڈ کی تجربہ کار بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا، اس سے قبل مارچ میں کیویز اور انگلینڈ کی3ٹیسٹ کی سیریز 0-0 سے اختتام پذیر ہوئی تھی،آکلینڈ کے آخری ٹیسٹ میں فتح نیوزی لینڈ سے ایک وکٹ کی دوری پر رہ گئی تھی۔ میک کولم نے کہا کہ یقیناً یہ حوصلہ افزا بات نہیں لیکن اگر پچھلے 5 ٹیسٹ میچز پر نظر ڈالی جائے تو ہم نے کچھ اچھی کرکٹ کھیلی اور بہتر قدم اٹھائے، البتہ اس سیریز کو حوصلہ شکن کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اکتوبر میں دورئہ بنگلہ دیش کے سوا نیوزی لینڈ ٹیم کسی ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے رہی، کپتان نے کہا کہ یہ ٹیسٹ سائیڈ کیلیے ایک بڑا خلا ہے ، ہم مزید 5روزہ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں لیکن صحیح سمت اختیار کرنا ہوگی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ جمعے سے انگلینڈ کیخلاف لارڈز میں شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کا کھیل اچھا رہے گا،چند منجھے ہوئے کھلاڑیوں کی آم سے ہمیں تقویت پہنچے گی، ایک روزہ سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کیلیے ٹیم میں 8 نئے پلیئرز شامل ہو گئے، ان میں چند کافی تجربہ کار ہیں۔

تبصرے بند ہیں.