ایس ای سی پی کا خدمات پر دہرے ٹیکسز ختم کرنے پر زور

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سروسز پر دہرے ٹیکسوں کا نفاذ روکنے کے لیے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں صوبوں کو منتقل ہونے والی سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ اس ضمن میں ایف بی آر کے سینئر افسر نے گزشتہ روز بتایا کہ ایس ای سی پی کی طرف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو تجویز دی گئی ہے کہ سروسز پر ڈبل ٹیکسیشن کو ختم کیا جائے کیونکہ سروسز پر ٹیکس صوبوں کو منتقل کیا جاچکا ہے اور صوبہ پنجاب و سندھ سروسز پر ٹیکس وصول بھی کررہے ہیں مگر وفاقی فیڈرل ایکسائز ایکٹ میں بھی سروسز پر بدستور ٹیکس عائد ہے اور اسے ختم نہیں کیا گیا جبکہ صوبوں کی طرف سے ایف بی آر کو متعدد مرتبہ درخواست کی جا چکی ہے۔تاہم اب ایس ای سی پی کی طرف سے ایف بی آر کو تجویز دی گئی ہے کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ سے سروسز پر ایف ای ڈی کو ختم کیا جائے تاکہ ڈبل ٹیکسیشن نہ ہوسکے۔ ایف بی آر کے مذکورہ سینئر افسر نے بتایا کہ ایس ای سی پی کی تجویز کا جائزہ لیا جارہا ہے اوراسے فنانس بل میں شامل کرکے حتمی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.