خیر پختونخوا اسمبلی کا پہلا اجلاس، 122 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا
پشاور: خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھالیا، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کل جبکہ وزیر اعلیٰ 31 مئی کو منتخب ہوں گے۔ نو منتخب خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کرامت اللہ چغرمٹی کی سربراہی میں 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، اس موقع پر ایوان کی وزیٹرز گیلری میں وفاقی اور صوبے کی اعلی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ تلاوت کلام پاک کے بعد کرامت اللہ چغرمٹی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا غیر ملکی طاقتوں کی مداخلت اور بد امنی کا شکار ہے، جمہوریت کی آبیاری میں ملک کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دیں لیکن گزشتہ حکومت کو اپنی سوچ میں کامیابی حاصل نہ ہوسکی اور کرپشن نے سب کچھ تباہ کردیا، جس کی سزا بڑی جماعتوں کو ملی۔ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ تبدیلی کانعرہ خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں رائج فرسودہ نظام کےخاتمے کاسبب بنے۔ اسپیکر کی جانب سے خطاب کے بعد انہوں نے ایوان کے نو منتخب 122 ارکان اسمبلی سے حلف لیا ۔ واضح رہے کہ نو منتخب خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کو اکثریت حاصل ہے جن کے ارکان کی تعداد 55 ہے ، اس کے علاوہ جےیوآئی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے 17،17، قومی وطن پارٹی کے 10،جماعت اسلامی کے 8،اے این پی،عوامی جمہوری اتحاد کے 5، 5، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے 4، آل پاکستان مسلم لیگ ایک جبکہ آزادارکان کی تعداد2 ہے۔ صوبائی اسمبلی کے نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی آج جبکہ انتخاب کل کیا جائے گا۔ 31 مئی کو قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا اور اسی روز وہ وزارت اعلیٰ کا حلف بھی اٹھائیں گے۔ تحریک انصاف نے اسد قیصر کو اسپیکر، امتیاز قریشی کو ڈپٹی اسپیکر جبکہ پرویز خٹک کو قائد ایوان کے لئے نامزد کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.