دوسرا ون ڈے: آئرلینڈ کا پاکستان کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف
ڈبلن: آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے دوسرے اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ڈبلن میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، میزبان ٹیم کو کھیل کے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر نقصان اٹھانا پڑا جب پال اسٹرلنگ بغیر کوئی رن بنائے جنید خان کو شکار بنے۔ آئرلینڈ کی دوسری وکٹ 4 کے مجموعی اسکور پر گری جب ان کےدوسرے اوپنر ولیم پورٹرفیلڈ ایک رن بنا کر اسد علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کامران اکمل کا شکار بنے۔ کھیل کےدوران آئرلینڈ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ایڈ جوائس اسکور میں مسلسل اضافہ کرتے رہے۔ ایڈجوائس نے 132 گیندوں پر 116 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ آئرلینڈ کے دیگر بلے بازوں ميں کیون او برائن 38 رنز اور نیئل اوبرائن 29 رنز بنا کر نماياں رہے تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی آئرش بلے باز 10 یا اس سے زائد رنز نہ بنا سکا۔ آئرلینڈ ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے اسپنرعبدالرحمن نے 48 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ جنید خان نے 2 اور محمد حفیظ، وہاب ریاض اور اسد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تبصرے بند ہیں.