چیئرمین نیب کا تقرری کیخلاف سپریم کورٹ میں جواب جمع
اسلام آباد: چیئرمین نیب نے اپنی تقرری کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔ فصیح بخاری کہتے ہیں، اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان کے پارٹی سربراہ کے خلاف نیب میں ریفرنسز موجود ہیں۔چیئرمین نیب کی جانب سے جواب ان کے وکیل لطیف کھوسہ نے جمع کرایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ چوہدری نثار کے اپوزیشن لیڈر نہ رہنے کے بعد درخواست غیر موٴثر ہو گئی ہے ، عوام نے چوہدری نثار کو قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر مسترد کر دیا ہے ، جواب میں کہا گیا ہے کہ درخواست صدر کو بدنام کرنے اور انتخابات میں سیاسی فائدے کیلئے دائر کی گئی ، سپریم کورٹ میں براہ راست درخواست ناقابل سماعت ہے اصل فورم ہائیکورٹ ہے ،جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کو ہٹانے کا طریقہ وہی ہے جو اعلی عدلیہ کے جج کیلئے ہے ، چیئرمین نیب کیلئے ایک نام تجویز نہ کرنے والا اپوزیشن لیڈر تین ناموں کا پینل کیسے مانگ سکتا ہے، جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے پارٹی سربراہ کے خلاف نیب میں ریفرنسز موجود ہیں، ایسا اپوزیشن لیڈر چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل کا حصہ کیسے بن سکتا ہے، چیئرمین نیب کی تقرری کے خلاف چوہدری نثار کی درخواست کی سماعت پیر کے روز کیلئے مقرر ہے۔
تبصرے بند ہیں.