دوسرا سیمی فائنل : فیصلہ پنلٹیز پر ، ارجنٹائن ہالینڈ کوہرا کر فائنل میں –

برازیل میں جاری عالمی فٹ بال کے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے ہالینڈ کو پنلٹی شوٹ آوٹس پر دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر 24 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ساو پاولو () ارجنٹائن کی اس فتح کے ساتھ یہ قیاس آرائی بھی دم توڑ گئی ہے کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی امریکا میں دو یورپی ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ اب فائنل ارجنٹائن اور جرمنی کے درمیان آئندہ اتوار کے روز ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کا آغاز ہوا،تو دونوں ٹیموں نے محتاط انداز میں کھیل شروع کیا۔ کوئی بھی ٹیم ایک گول کے خسارے میں جانے پر تیار نہیں تھی۔ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہونے والی گولوں کی بارش کے برعکس بدھ کی شام ساو پاولو میں ارجنٹائن اور ہالینڈ کا مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ پہلے ہاف کے کھیل میں دونوں جانب سے گول کرنے کی کوئی قابلِ ذکر کوشش دکھائی نہیں دی۔ ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں نے جہاں ارجنٹائن کے لیونیل میسی کو گھیرے رکھا اور انھیں کھل کر کھیلنے نہیں دیا وہیں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی میشارانو آئن روبن پر توجہ مرکوز کیے دکھائی دیے۔ پہلے ہاف میں فریقین کے دفاعی انداز کی وجہ سے کھیل کی رفتار بھی سست رہی جس پر کھلاڑیوں کو تماشائیوں کی ہوٹنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس ہاف کے اختتام پر میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں بھی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔ مقررہ وقت کے دوسرے ہاف کے دوران ارجنٹائن کو گول کرنے کا پہلا واضح موقع 74ویں منٹ میں ملا تاہم ہیگوائن نہ صرف آف سائیڈ تھے بلکہ ان کا نشانہ بھی چوک گیا۔ مقررہ وقت کے آخری لمحات میں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی میشارانو کے آئن رابن کے یقینی گول کو روک کر ہالینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اضافی وقت میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور اس دوران ارجنٹائن کو ہی دو بار گول کرنے کے مواقع ملے لیکن پہلے رودریگز پلاسیو کا کمزور ہیڈر کیپر نے باآسانی روک لیا اور پھر میکسی رودریگز کی کمزور کک بھی انھیں چکمہ دینے میں ناکام رہی۔ارجنٹائن کے گول کیپر سرجیو رمیرو دو پنلٹیز روک کر اپنی ٹیم کی فائنل تک رسائی کی وجہ بنے۔ پنلٹی شوٹ آوٹس شروع ہوئیں تو پہلے ارجنٹائن کے سرجیو رمیرو نے ہالینڈ کے ولار کی پہلی پنلٹی روکی جبکہ ارجنٹائن کی جانب سے میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے اگلی پنلٹی پر رابن نے گول کر کے ختم کر دیا۔ گیرائے نے ارجنٹائن کی جانب سے دوسری پنلٹی پر گول کیا اور ایک بار پھر ارجنٹائن کو آگے کر دیا۔ ہالینڈ کے شنائیڈر بھی گول نہ کر سکے اور یوں ارجنٹائن کی برتری دو گول ہوگئی۔ اگوایرو نے ارجنٹائن اور کاوت نے ہالینڈ کے لیے پنلٹی پر گول کیا اور پھر ارجنٹائن کی چوتھی پنلٹی پر جب میکسی رادریگز کی شاٹ گول میں گئی تو ارجنٹائن تقریباً ڈھائی دہائی بعد ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ سیمی فائنل میں ہارنے کے بعد ہالینڈ کی ٹیم ہفتے کو تیسری اور چوتھی پوزیشن کے میچ میں برازیل کے مقابل ہو گی۔ –

تبصرے بند ہیں.