برازیل کی شکست پر تبصرے ، میچ کے تاریخی اوردلچسپ حقائق –

جرمنی کے ہاتھوں برازیل کی بدترین شکست پر برازیلی عوام سکتے میں اور دنیا حیران ہے۔ برازیلی میڈیا نے اپنی ٹیم کی بدترین شکست کوشرمناک قرار دیا ہے، سوشل میڈیا فٹ بال شائقین کے ردِعمل سے اٹا پڑا ہے۔

ریو ڈی جنیرو (ویب ڈیسک) برازیل میں جاری فٹبال ورلڈ کپ 2014 کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان ملک برازیل کو جرمنی کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ برازیل کی اس ہار کومیزبان ملک کی ذلت اور ’فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی شرمندگی قرار دیا جا رہا ہے۔ جرمنی کی ٹیم کو میچ کے 11 ویں منٹ میں پہلا کارنر ملا جس پر اس نے گول کر دیا۔ جب جرمنی نے پہلا گول کیا تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ اگلے 11 منٹوں میں برازیلی ٹیم کے ساتھ وہ کچھ ہونے جا رہا ہے جو اس کے ساتھ کبھی بھی نہیں ہوا۔ ریو ڈی جنیرو کے اخبارلانس نے برازیل کی شکست کو تاریخ کی سب سے بڑی شرمندگی قرار دیا۔ ایک مبصر نے کہا کہ یہ واقعہ کسی چھوٹی موٹی قوم کے ساتھ نہیں ہوا بلکہ برازیل کے خلاف برازیل میں ہوا ہے۔ کسی نے کہا کہ جرمنی نے 24 سال سے ورلڈ کپ نہیں جیتا اوران کا انتظار اب ختم ہونے والا ہے۔ برازیل کے اخبارات فولہا دے ساو پاولو کی سرخی تھی ،تاریخی ذلت۔ برازیل کی ایک دوسری نیوز سائٹ نے لکھا ، جرمنی نے برازیل کو مار ڈالا اور انھیں تاریخ کی سب سے بری شکست سے دوچار کیا۔ جرمنی کے ایک اخبار بلڈ نے لکھا ، سات ایک کا پاگل پن ، برازیل ٹورنامنٹ سے باہر۔ ایک اور اخبار ڈیلی سٹار نے جرمنی کی فتح کو برازیل کو ذبح کرنے سے تعبیر کیا۔ ڈیلی مرر کے مطابق،جرمنی نے برازیل کو ذلت اور ذہنی اذیت سے تباہ کر دیا۔ بھارتی ادا کار شاہ رخ خان نے کہا ، بعض اوقات ہم میں سے بہترین لوگ بھی ناگہانی حالات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انگلینڈ کے رونی کے مطابق جرمنی نے آج پھر بہترین کھیل پیش کیا۔ فیفا کے صدر سیپ بلاٹر کا کہنا تھا کہ جرمنی کے سٹرائیکر کلوزے نے برازیل کے خلاف گول کر کے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کر دیا ہے۔ دیگر حقائق کے مطابق یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل کی سب سے بڑی شکست ہے۔ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم نے سیمی فائنل میچ میں سات گول کیے ہیں۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم نے اس سے پہلے سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں پانچ یا پانچ سے زیادہ گول نہیں کیے تھے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں برازیل کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے پہلے وہ فرانس کی ٹیم سے 1998 کے فائنل میں تین صفر کے فرق سے ہارا تھا۔ برازیل کی جانب سے گول پر پہلا حملہ میچ کے 51 ویں منٹ میں کیا گیا۔ اس شکست سے پہلے 1920 میں یوروگوائے نے برازیل کو 0-6 سے ہرایا تھا۔ یہ 1938 کے بعد پہلا موقع ہے کہ برازیل ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہارا ہے۔ اس سے پہلے برازیل چھ سیمی فائنلوں میں فاتح رہا تھا۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں یہ کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے پہلے 1954 کے سیمی فائنل میں جرمنی ہی نے آسٹریا کو 1-6 سے شکست دے تھی۔ جرمنی نے میچ کے پہلے ہاف کے 29 ویں منٹ تک پانچ گول کیے جو ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے سب سے زیادہ گول ہیں۔ جرمنی کے برازیل کے خلاف دوسرے اور چوتھے گول میں صرف 179 سیکنڈوں کا فرق تھا۔ جرمن سٹرائیکر میروسلاف کلوزے نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اسی طرح یہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے سب سے زیادہ گول ہیں۔ جرمنی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ 223 گول کر کے برازیل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ –

تبصرے بند ہیں.