چینی وزیراعظم لی کی چیانگ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ دو روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر آصف علی زرداری اور نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بری اور بحری افواج کے سربراہ بھی موجود تھے۔ چینی وزیراعظم کے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور انہیں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ صدر آصف علی زرداری معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ جبکہ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو عشائیہ دیں گے، جس میں اعلیٰ سیاسی شخصیات اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف بھی تئیس مئی کی صبح چینی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کی نئی قیادت کے درمیان یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہوگا۔ چینی وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ تر معاہدوں کا تعلق گوادر بندرگاہ، توانائی بحران اور انفراسٹرکچر سے ہوگا۔ چینی وزیراعظم کے اعزاز میں ایوان صدر میں دیئے جانے والے ظہرانہ میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف، عمران خان، مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، اسفند یار ولی ، منور حسن اور مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماء شرکت کریں گے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طبیعت خراب ہونے کے باعث ظہرانے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

تبصرے بند ہیں.