انتخابات 99.4 فیصد شفاف ہوئے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات ننانوے اعشاریہ چار فیصد شفاف قرار دے دیئے، سیکرٹری الیکشن کمیشن کہتے ہیں تین دن میں ایک سو دس شکایات موصول ہوئی ہیں، کراچی کے ایک حلقہ میں مسئلہ ہے جس کیلئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو طلب کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ عالمی مبصرین نے انتخابات کو شفاف قرار دیا ہے، پوری دنیا شفاف انتخابات پر مبارک باد دے رہی ہے،جس سے پاکستان کا دنیا میں وقار بلند ہوا ہے۔ عالمی رہنماوٴں نے بھی مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا شکوک وشبہات کی باتیں کرنا درست ہے؟ پاکستان مشکل صورتحال سے نکل آیا ہے، مثبت تنقید کا خیر مقدم کرتے ہیں،ملک کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔ اشتیاق احمد کا کہنا تھا کہ فافن کو بتادیا تھا کہ یہ الیکشن پہلے والا نہیں، ننانوے اعشاریہ چار فیصد شفاف انتخابات ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو تین روز میں ایک سودس شکایات موصول ہوئیں، نوحلقوں میں دوبارہ گنتی کے احکامات دیئے ہیں الیکشن کمیشن نے شکایات کے ازالے کیلئے ٹربیونل تشکیل دیئے ہیں، قومیں اداروں سے بنتی ہیں، جہاں مسئلہ ہو گا وہاں کھل کر بات کریں گے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فافن کے دیئے گئے نتائج کی تحقیقات کی جائیں گی۔

تبصرے بند ہیں.