سری لنکا کے خلاف جیت سے خوشی ہوگی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ ان کے دو سالہ دور کا اختتام سری لنکا کے خلاف جیت سے ہو تو انہیں بہت خوشی ہوگی۔ سری لنکا وہ ٹیم ہے جس نے 1996 میں ڈیو واٹمور کی کوچنگ میں ہی ورلڈ کپ جیتا تھا- واٹمور نے مارچ 2012 میں پاکستان ٹیم کے کوچنگ کے فرائض سنبھالے تھے۔ اس دوران پاکستان نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے لیکن ان کے دور میں انڈیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف انہیں کے ہوم گراؤنڈ میں ایک روزہ میچوں کی سیریز میں جیت قابل ذکر ہیں۔ واٹمور کے کوچنگ کریئر کی خاص بات 18 سال قبل سری لنکا کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے لیکن انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گزشتہ ہفتے برابر ہوگیا تھا۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بدھ سے دبئی میں شروع ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 16 جنوری سے شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ واٹمور کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم 20 وکٹیں حاصل کر لے تو وہ جیت سکتی ہے۔ پاکستان کی 179 رنز کی برتری پر واٹمور کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے آپ کے لیے 20 وکٹیں لینا ضروری ہے اور پھر اچھی بیٹنگ کریں۔ ہم مصباح الحق اور یونس خان کی سنچریوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے اور ایک بڑی برتری حاصل نہیں کر سکے۔‘

-f

تبصرے بند ہیں.