ملتان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے۔ شہری خوار ہو کر رہ گئے۔
ملتان: () ملتان میں پٹرول سٹیشنز کی پرافٹ مارجن نہ بڑھانے کے خلاف تیسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے۔ پٹرول کی عدم فراہمی کی وجہ سے شہریوں کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پٹرول ایجنسیوں پر تین سو روپے فی لٹر پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز نے شرح منافع دو فیصد فی لٹر سے بڑھا کر پانچ فیصد کرنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ رحیم یار خان میں تیسرے روز پٹرول پمپس کی ہڑتال کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ سکولز اور دفاتر میں بھی حاضری کم ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے شہری ٹرانسپورٹرز کے ہاتھوں لٹنے لگے اور من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ پٹرول کی بلیک میں مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہے۔ بہاولپور، وہاڑی اور مظفر گڑھ میں بھی ہڑتال کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیزل نہ ملنے کی وجہ سے کاشتکاروں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔ ادھر جھنگ اور کندیاں میں بھی پٹرول کی ہڑتال کی وجہ سے شہری خوار ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ بلیک میں مہنگے داموں پٹرول فروخت کرکے شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
تبصرے بند ہیں.