’’اپنا گھر‘‘ اسکیم کی تیاریاں مکمل، ایک ہزار کالونیاں بنائی جائینگی
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کم اور اوسط آمدن افراد کیلیے اعلان کردہ کم لاگت ہائوسنگ اسکیم کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہونیوالے اپنا گھر اسکیم کے آئندہ خصوصی اجلاس میں وزیراعظم کی حتمی منظوری کیلیے تجاویز پیش کی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت ملک بھر میں ایک ہزار کالونیاں تعمیر کی جائیں گی، ہرکالونی میں زیادہ سے زیادہ 500 گھر ہوں گے۔ سب سے پہلے اپنا گھر اسکیم کیلیے فیروز پور روڈ لاہور اور شاہدرہ میں ممکنہ جگہوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں جگہ کا انتخاب آئندہ دو روز میں کرلیا جائیگا۔ اسکیم کے تحت گھروں کی تعمیر کیلیے 25 سال کی فنانسنگ کم شرح سود پر بینکوں سے کی جائے گی۔ 8 فیصد شرح سود سے اوپر کی ادائیگی کا معاملہ متعلقہ ڈویلپر اوربینک دیکھیں گے۔ ان گھروں کی پہلی کھیپ 18ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔اسکیم آئندہ چار سال کے بجائے ڈھائی سال میں مکمل کرنے کیلیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائیگا۔ ہرضلع میں 20 ہزار اپنا گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اپنا گھر اسکیم کے علاوہ بھی کم شرح سود پر قرضہ حاصل کرکے گھر تعمیرکرنے کے خواہش مند افراد کیلیے علیحدہ سے قرضہ اسکیم کا اعلان کیا جائیگا جس کے تحت انہیں ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ اور دیگرمالیاتی اداروں کے تعاون سے 8 فیصد شرح سود پر ایک لاکھ سے لے کر زیادہ سے زیادہ پچاس لاکھ روپے کے قرضے دیے جانے کی تجویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے موصول ہونیوالی2009ء کی ایک رپورٹ کی روشنی میں وزارت خزانہ اور وزارت ہائوسنگ کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں 90 لاکھ گھروں کی کمی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف خود ان سکیموں کی نگرانی کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.