کیون پیٹرسن نے ففٹی بناکر فٹنس خدشات دور کردیے

آسٹریلیا انوی ٹیشنل الیون کیخلاف ٹور میچ میں نصف سنچری بناکر کیون پیٹرسن نے اپنی فٹنس پر پائے جانے والے شکوک و شبہات دور کردیے۔ چار روزہ میچ کے دوسرے دن میزبان ٹیم کے 304 پر انگلش سائیڈ نے 5 وکٹ کھوکر 302 رنز اسکور بورڈ پر سجادیے، میزبان ٹیم کی برتری اب محض دو رنز باقی رہ گئی ، کپتان الیسٹرکک نے 136 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 81 کی اننگز کھیل کر اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا، اسی طرح جوناتھن ٹروٹ نے بھی 83 رنز بناڈالے، کپتان ٹروٹ اور کک نے دوسری وکٹ کیلیے 143 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، ان کی اننگز میں 14 چوکے شامل رہے، کیون پیٹرسن نے 7 چوکوں اور 2 سکسر کی مدد سے 71 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 57 رنز بنائے، کیون پیٹرسن برسبین میں اپنے کیریئر کا 100واں ٹیسٹ کھیلنے جارہے ہیں۔ وہ رواں ہفتے گھٹنے میں دوبارہ تکلیف ہونے پر میلبورن میں درد کش انجیکشن لگوانے گئے تھے، جس پر ان کی فٹنس پر چہ مگوئیاں ہورہی تھیں ، ای ین بیل 36 رنز جوڑکر پویلین لوٹے، جوئے روٹ 26 اورجونی بیئراسٹو11رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جوش لولار اور جیمز میورہیڈ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں، اس سے قبل میزبان ٹیم ابتدائی دن کے اسکور 271-5 میں مزید 33 رنز ہی جمع کرپائی اور 304 پر آل آؤٹ ہوگئی،ریان کارٹرز 94 اور فل نیویل 83 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، اسٹیون فن نے 103 رنز کے عوض 5 شکار کیے جبکہ اسٹورٹ براڈ نے 37 رنز دیکر 4 وکٹوں کا سودا کیا۔ دریں اثنا انگلش کپتان الیسٹر کک نے کیون پیٹرسن کی اننگز پر کہا کہ اسٹار بیٹسمین کو وارم اپ میچز میں اعتماد سے بیٹنگ کرتے دیکھنا ہمیشہ خوش کن ہوتا ہے، تاہم یہ سب برسبین میچ کی تیاریوں کے لیے ہے۔

تبصرے بند ہیں.