یوم عاشور،امام حسین اورساتھیوں کی شہادت کادن،جلوس شبیہ علم وذوالجناح برآمد

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد، ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔ واقعہ کربلا صبر و استقامت اور ایثار کی ایسی مثال ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ سن اکسٹھ ہجری میں آج ہی کے دن نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء نے جانوں کا نذرانہ دے کر لازوال جدوجہد کی تاریخ رقم کی تھی۔ نبی کے نواسے امام حسین اوران کے ساتھیوں کی شہادت کادن،یوم عاشورپرملک بھرمیں مجالس عزا کی تیاریاں،جلوس شبیہ علم وذوالجناح برآمدکیے جائیں گے،لاہورکی نثارحویلی سے برآمد تاریخی جلوس میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعدزنجیر زنی کی گئی۔ شہدائے کربلا کی یاد میں آج کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد کیاجائے گا۔ اس تاریخی جلوس میں شہر بھر سے عزادار شرکت کریں گے۔ جس میں واقعہ کربلا کا ذکر ہوگا جس نے اسلام کو زندہ اور انسانیت کو سربلند کردیا اور ظلم کی علامت یزید کا نام ہمیشہ کے لیے رسوا کردیا۔1400 برس پہلے پیغمبر اسلام کے گھرانے پر ڈھائے گئے یزیدی فوج کے مظالم کی یاد میں مجالس عزا منعقد کی جارہی ہیں اور جلوس شبیہ علم وذوالجناح برآمد کیے جارہے ہیں۔ اکسٹھ ہجری دس محرم حق و باطل کی جنگ جہاں حق کی فتح اور باطل کی شکست ہوئی،ایک طرف جبرِ مسلسل دوسری طرف صبر و استقامت تھا۔ عالم اسلام دس محرم کو سانحہ کربلا کی یاد میں مناتا ہے۔ یوم عاشور پر حضرت امام حسین اور اہل بیت سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔ تاریخ کی لازوال قربانی کو دنیا آج جد و جہد کی عظیم مثال مانتی ہے۔ دس محرم الحرام کو حق اور باطل کا معرکہ ہوا۔ باطل قوت کے لشکر نے حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کو شہید کردیا۔ چھ ماہ کے حضرت علی اصغر نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ نماز عصر کے وقت سجدے کی حالت میں حضرت امام حسین کوبھی شہید کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.