نجم سیٹھی کو کرکٹ کا تجربہ نہیں ہے، عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ موجودہ چیئرمین کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کے تجربے سے یکسرعاری ہیں۔ ان کو حکومتی جماعت کی معاونت کے عوض پی سی بی کاچیئرمین بنایا گیا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ کی موجودگی کے باوجودکرکٹ زوال پذیرہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کرکٹ کے پورے ڈھانچے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بطور کرکٹر میں نے پوری دنیا کا سفرکیا ، مجھے جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں نظر آیا ، پوری دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود نہیں لیکن پاکستان اس ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور باقاعدہ تربیت دینے میں نہ صرف بری طرح ناکام رہا بلکہ کسی باقاعدہ نظام کا قیام عمل میں لانے سے بھی قاصر رہا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں موجود حقیقی کلبوں کی معاونت کے بجائے کاغذی کلبوں کی سرپرستی کی جاتی ہے اور ہرسطح پر انتخابات سے گریز بھی کیا جاتا ہے۔موجودہ چیئرمین کرکٹ بورڈکاحوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ جس طرح موجودہ چیئرمین کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کے تجربے سے یکسر عاری ہیں کو حکومتی جماعت کی معاونت کے عوض کرکٹ بورڈکا چیئرمین بنایا گیا ، اسی طرح یکے بعد دیگرے حکومتوں نے پی سی بی کی قیادت کوسیاسی مقاصد اوراپنے اقرباء کونوازنے کاذریعہ بنایا جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ کے باوجود کرکٹ زوال پذیرہے۔ عمران خان نے جعلی کلبوں کے خاتمے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں کرکٹ کے پورے نظام کی تنظیم نوکی جائے، ریجنل باڈیز بنائی جائیں جو اپنے ذمہ داران اورچیئرمین پی سی بی کا انتخاب کر سکیں، پی سی بی فیصلہ سازی کاکام کرے جبکہ کھیل کے امور کا ایک کل وقتی پیشہ ور سربراہ باقاعدہ نظام کے تحت چلانے کا پابند ہو۔ خیبرپختونخوا کاتذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ صوبے میں ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے تحریک کاآغازکردیاگیا، تحریک انصاف کی ان کوششوں کا ثمرآئندہ برس دیکھا جاسکے گا۔

 

تبصرے بند ہیں.