پاک، بھارت کرکٹ کا احیا دونوں کیلیے سود مند ہے، ظہیرعباس

سابق پاکستانی کپتان ظہیرعباس کا کہنا ہے کہ بھارت میں کمنٹری کے دوران اگر مجھے بی سی سی آئی حکام سے ملاقات کا موقع ملا تو میں باہمی کرکٹ کے احیا پر زور دوں گا۔ غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین دوبارہ کرکٹ کا شروع ہونا دونوں ممالک کے لیے مفید اور سود مند ہوگا، اس کی مثال سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان مکمل سیریز کا ہونا ہے جس سے دونوں ممالک میں اچھی کرکٹ کو فروغ ملا،ایک زمانے میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم زیادہ بہتر گردانی جاتی تھی مگر پھر بھارت نے بعض بہترین بیٹسمین پیدا کرکے اپنی بالا دستی قائم کرلی جن میں سچن ٹنڈولکر سر فہرست ہیں، انھوں نے بھارتی ماسٹر بلاسٹر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جیسے کرکٹر مدتوں کے بعد پیدا ہوا کرتے ہیں۔کرکٹ میں ان کے عظیم کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے جبکہ ان کے قائم کردہ تاریخی ریکارڈز کو ٹوٹتا دیکھنے کے لیے مدتوں انتظار کرنا پڑے گا،ایشین ڈان بریڈ مین کے نام سے معروف ظہیر عباس نے کہا کہ ہمارے دور میں کرکٹ کم کھیل جاتی تھی مگر ٹنڈولکر کے زمانے میں تیزی سے بڑھتی کرکٹ میں کارکردگی کے حوالے سے سخت دور میں اس عظیم بیٹسمین نے اپنی اہلیت کو ثابت کر دکھایا جبکہ لا تعدا ریکارڈز ان کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں،شاید ان میں سے بعض ریکارڈزکو توڑنا ممکن بھی نہیں ہوگا،ظہیر عباس نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہوگی کہ مجھے 34ہزار خوش نصیبوں کے ہمراہ سچن ٹنڈولکر جیسے عظیم کھلاڑی کوممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آخری اور200 واں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

تبصرے بند ہیں.