ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی، پاکستان اعزاز کے دفاع میں سرخرو

پاکستان نے جاپان کو روند کر مسلسل دوسری بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت لی، اس طرح قومی ٹیم اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہوگئی، فیصلہ کن معرکے میں گرین شرٹس نے خسارے میں جانے کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 3-1 سے شکست دیدی۔ محمد رضوان، عبدالحسیم خان اور عماد بٹ ایک، ایک گول کرکے فتح کے معمار بنے، محمد توثیق ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، ٹاپ اسکورر ملائیشیا کے فیصل ساری اور بہترین گول کیپر جاپان کے کسٹویا تاکیسی رہے، فیئر پلے ٹرافی میزبان جاپان کے نام رہی،کپتان محمد عمران نے کہا ہے قومی ٹیم کی جیت پورے ملک اور عوام کی کامیابی ہے، دوسری جانب ملائیشیا نے چین کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے زیر کر کے برانز میڈل اپنے نام کیا، ایک اور میچ میں بھارت نے اومان کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔تفصیلات کے مطابق جاپان کے شہر کاکامیگھارا میں جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے نہ صرف ایشین چیمپئنزٹرافی میں اپنے اعزاز کا بھر پور انداز میں دفاع کیا بلکہ میزبان جاپان کا اولین ٹائٹل جیتنے کا خواب بھی چکنا چور کر دیا۔ فائنل بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا تاہم جب پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں میدان میں اتریں تو دونوں سائیڈزکے پلیئرز جیت کے جذبہ سے سرشار تھے۔ کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان اور جاپان کی طرف سے جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی،اس کوشش میں میزبان ٹیم اس وقت کامیاب بھی ہو گئی جب کھیل کے 11ویں منٹ میں جاپان کے فارورڈز پاکستان کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب ہو گئی۔ ایک گول سے خسارے میں جانے کے بعد پاکستانی ٹیم نے کم بیک کرنے کی پوری کوشش کی اور میزبان سائیڈ پر شدید حملے کیے لیکن پاکستانی فارورڈزگول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ جب پہلا ہاف ختم ہونے میں صرف پانچ منٹ باقی تھے، محمد رضوان جاپانی ٹیم کی دفاعی لائن کو چکمہ دے کر گیند کو جال کی راہ دکھادی۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے تک اسکور 1-1 رہا۔وقفہ کے بعد پاکستان ٹیم ایک الگ روپ میں نظر آئی اور نہایت عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جاپان سائیڈ کے چھکے چھڑا دیے اور 40ویں منٹ میں حسیم خان نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ جاپان نے خسارہ کم کرنے کی پوری کوشش کی لیکن پاکستانی دفاعی لائن سیسہ پلائی دیوار بنی رہی اور جاپان کے تمام حربوں کو ناکام بنا دیا۔کھیل کے 60ویں منٹ میں عماد بٹ نے ایک اور گول کر کے سکور 3-1 کر دیا جو کھیل ختم ہونے تک برقرار رہا۔گرین شرٹس نے مسلسل دوسری بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، قومی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی، پہلے میچ میں عمان، دوسرے میں چین کو ہرایا، ملائیشیا کو زیر کرنے کے بعد بھارت پر بھی قابو پایا۔یاد رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال دوحا میں ہونے والی دوسری ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف کو ہی 5-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب تک تین ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلی جا چکی ہیں، پاکستان نے دو اور بھارت نے ایک بار کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسری جانب ملائیشیا نے چین کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے زیر کر کے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ ایک اور میچ میں بھارت نے اومان کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔فتح پر مسرور پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عمران دوسری بار ایشیائی چیمپئن بننے پر بہت خوش ہیں اور پے درپے کامیابیوں کا سہرا کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی مشترکہ کوششوں کو قرار دیا۔ جاپان کے شہر کاکا میگھارا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جنھوں نے عوامی توقعات پر پورا اترنے کی ہمیں ہمت عطا فرمائی۔محمد عمران نے کہا کہ میری طرف سے پوری قوم کو ایشیائی چیمپئن بننے پر مبارکب ہو، ان کا کہنا تھا کہ یہ میری یا ٹیم کی نہیں بلکہ ملک اور پاکستانی عوام کی فتح ہے۔ قومی کپتان نے کہا کہ جب جاپان میں پاکستانی سبز ہلالی پرچم لہرایا جا رہا تھا تو اس وقت مجھ سمیت دوسرے کھلاڑیوں کے جو جذبات تھے انہیں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی سطح پر گولڈ میڈل حاصل کرنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن درست سمت جا رہی ہے،آئندہ ایونٹس میں مزید کامیابیوں کی امید جاگ اٹھی، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، وہ وقت دور نہیں جب ایشیائی چیمپئنز ٹرافی میں قومی اسکواڈ کا حصہ بننے والے یہ جونیئر کھلاڑی دیگر بین الاقوامی مقابلوں میں بھی اپنے شاندار کھیل سے ملک وقوم کا نام روشن کرینگے۔

تبصرے بند ہیں.